Live Updates

بیلجیئم کے سفیر کا سیالکوٹ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ ،سیلاب سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا

جمعرات 2 اکتوبر 2025 20:20

سیالكوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) بیلجیئم کے سفیر نے سیالکوٹ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور سیلاب سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بیلجیئم کے سفیر آئیڈ سبالڈ وینڈر گراخت نے سیالکوٹ کی تحصیل سمبڑیال میں سیلاب زدہ دیہات کا دورہ کیا ہے تاکہ نقصان کی شدت، متاثرہ افراد کی حالت زار اور بحالی میں درپیش چیلنجوں کا اندازہ کیا جا سکے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صباء اصغر علی نے سیلاب سے پہنچنے والے نقصانات اور بحالی کے اقدامات کے متعلق بریفنگ دی۔ بیلجیئم کے سفیر نے سیلاب سے متاثرہ گھروں اور فصلوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ افراد سے بات چیت کی تاکہ ان کے نقصانات اور درپیش مسائل کے بارے دریافت کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر بیلجیئم سفارتخانہ کے فرسٹ سیکریٹری جائلز ہاشیز، اقوام متحدہ کے دفتر فار کوآرڈینیشن ہیومین افیئرز (اوچا) پاکستان کے نیشنل ہیومینیٹیرین افیئرز آفیسر سلیم الرحمن شیخ، اسسٹنٹ کمشنر سمڑیال غلام فاطمہ بندیال اور مقامی این جی او بیداری کے عہدیداران پروفیسر ارشد مرزا اور حنا نورین بھی موجود تھے۔

بیلجیئم کے سفیر آئیڈسبالڈ وینڈر گراخت نے رکھ نوشہرہ کے مقام پر سیلاب سے ٹوٹے ہوئے گھروں میں موجود افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام نے بہادری سے قدرتی آفت کا مقابلہ کیا ،انکی ہمت اور قوت برداشت قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی حالت زار اور انکی ضروریات کے بارے میں عالمی فورمز کو آگاہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بیلجیئم کو 2020 میں شدید فلڈ کا سامنا کرنا پڑا مگر ترقی یافتہ ملک ہونے کے باوجود متاثرین کی بحالی ان کیلئے ایک چیلنج تھی۔انہوں نے وہاں پر موجود بچوں کو کھیلنے کیلئے فٹبالز دیئے۔ ڈپٹی کمشنر نے مقامی افراد کیلئے سفیر کی گفتگو کا پنجابی میں ترجمہ کرکے بتایا، بیلجیئم کے سفیر مقامی این جی او بیداری کے کیمپس میں گئے جہاں مقامی کمیونٹی میں راشن، صحت و صفائی کا سامان اور مچھروں سے بچائو کے نیٹس دیئے گئے، دورے کے اختتام پر سفیر نے متاثرہ گائوں خاصہ اور شہباز پور پل کے قریب دریائے چناب میں شگاف کے مقام کا معائنہ کیا تاکہ نقصان کی شدت کا مزید جائزہ لے سکیں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات