مسلم دنیا کے 6 بااثر علما ء بین الاقوامی ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کیلئے بنگلہ دیش جائینگے

بنگلہ دیش کی ختم نبوت تحفظ کمیٹی کی دعوت پر مولانا فضل الرحمن بھی کانفرنس میں شرکت کریں گے

جمعرات 2 اکتوبر 2025 21:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء)مسلم دنیا کے 6 بااثر علما ء بین الاقوامی ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کیلئے بنگلہ دیش جائیں گے۔ بین الاقوامی ختم نبوت کانفرنس دارالحکومت ڈھاکہ کے سہروردی اڈیان میں منعقد ہو گی۔ بنگلہ دیش کی ختم نبوت تحفظ کمیٹی کے سینئر جوائنٹ سیکرٹری جنرل مولانا عبید اللہ قاسمی نے بتایا کہ ختم نبوت تحفظ کمیٹی بنگلہ دیش کے امیر مولانا عبدالحمید پیر صاحب مادھوپوری کی دعوت پر مسلم دنیا کے چھ بااثر علما ء بنگلہ دیش کا دورہ کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

عبید اللہ قاسمی نے یہ بھی کہا کہ وہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کر چکے ہیںجہاں انہیں بنگلہ دیش کے دورے کی باقاعدہ دعوت دی، اس کے علاوہ ارشد مدنی، محمود مدنی اور ابوالقاسم نعمانی اور دو دیگر کو بھی باضابطہ دعوت دی گئی ہے، ان سب نے دعوت قبول کر لی ہے۔بنگلہ دیش کے دورے پر آنے والے علما ء میں جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے صدر مولانا فضل الرحمان، ہندوستان کے بااثر مذہبی رہنما اور جمعیت علمائے ہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی، ہندوستان میں دارالعلوم دیوبند مدرسہ کے پرنسپل مولانا ابو القاسم نعمانی، مولانا سید محمود مکی ہندوستان کے مولانا عبدالرحمن اور مولانا عبدالرحمن مکی شامل ہیں۔