خالد مقبول صدیقی سے عمان کے سفیر فہد خلف الخروصی کی ملاقات، تعلیمی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

تعلیم کے شعبے میں باہمی اشتراک نہ صرف دونوں اقوام کے درمیان قربت بڑھائے گا ،خطے میں استحکام کا بھی ذریعہ بنے گا، وزیر تعلیم

جمعرات 2 اکتوبر 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2025ء)وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے عمان کے سفیر فہد خلف الخروصی نے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔ملاقات کے دوران وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے تعلقات تاریخی، ثقافتی اور باہمی احترام کی بنیادوں پر قائم ہیں اور تعلیم کے شعبے میں باہمی اشتراک نہ صرف دونوں اقوام کے درمیان قربت بڑھائے گا بلکہ خطے میں استحکام کا بھی ذریعہ بنے گا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اس بات پر زور دیا کہ عربی زبان کی تدریس، ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ٹیوٹ) جیسے شعبوں میں عمان کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قرآن پاک کی بہتر تفہیم کے لیے عربی زبان کی تعلیم کو سکولوں اور کالجوں میں فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے تجویز دی کہ عربی ادب کو اردو میں اور پاکستانی ادب کو عربی میں ترجمہ کر کے نہ صرف علم کا تبادلہ ممکن بنایا جا سکتا ہے بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی کو بھی فروغ دیا جا سکتا ہے۔

عمانی سفیر فہد خلف الخروصی نے کہا کہ عمان نے جدیدیت کو اپنایا ہے لیکن اپنی ثقافت کو محفوظ رکھتے ہوئے ترقی کا سفر جاری رکھا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی وزارتِ تعلیم کے درمیان تعاون مزید مستحکم بنانے کی یقین دہانی کرائی اور وفاقی وزیر کو اپنے دفتر کے دورے کی دعوت بھی دی۔ ملاقات میں 2019 سے اب تک دستخط شدہ مفاہمتی یادداشتوں پر ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا جو تعلیم کے شعبے میں مشترکہ کوششوں کا مظہر ہیں۔ یہ ملاقات نہ صرف دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کی عکاس تھی بلکہ مستقبل میں تعلیمی میدان میں نئے امکانات کی نوید بھی لے کر آئی ہے۔