پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ اور ان کی جلد اور محفوظ واپسی کے لیے اتحادی ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے،ترجمان دفتر خارجہ

جمعرات 2 اکتوبر 2025 23:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اکتوبر2025ء) ترجمان دفترخارجہ نے اسرائیل کی جانب سے عالمی صمود فلوٹیلا کو روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ اور ان کی جلد اور محفوظ واپسی کے لیے اتحادی ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے،اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔جمعرات کو ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان اسرائیل کی جانب سے عالمی صمود فلوٹیلا کو روکنے کی شدید مذمت کرتا ہے یہ فلوٹیلا انسانی ہمدردی کے اہم مشن پر تھا اور یہ عالمی یکجہتی اور اخلاقی عزم کی علامت ہے۔

اسرائیلی اقدامات بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے دیگر 15 ممالک کے ساتھ مل کر16 ستمبر کو ایک مشترکہ بیان جاری کیا جس میں فلوٹیلا کی سلامتی اور اس پر سوار افراد کی حفاظت کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ فلوٹیلا پر موجود پاکستانی شہریوں کی سلامتی اور فلاح حکومت پاکستان کے لیے اولین ترجیح ہے چونکہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا، اس لیے ہم خطے میں اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں تاکہ پاکستانی شہریوں کی فوری رہائی اور ان کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے،ترجمان نے کہا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ اور ان کی جلد اور محفوظ واپسی کے لیے اتحادی ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔