آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ ، بنگلہ دیش ویمنز نے پاکستان ویمنز کو 7 وکٹوں سے ہرادیا

جمعہ 3 اکتوبر 2025 13:01

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش ویمنز نے پاکستان ویمنز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔جمعرات کے روز کولمبو کے پریماداسا سٹیڈیم میں فاطمہ ثنا نے اپنے 50 ویں ون ڈے انٹرنیشنل میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔پاکستان ویمنز 38.3اوورز میں 129 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی،جواب میں بنگلہ دیش ویمنز نے 31 اعشاریہ ایک اوورز میں 3 وکٹوں پر مطلوبہ سکور پورا کرلیا۔

پاکستان کی اننگز کے پہلے ہی اوور میں معروفہ اختر نے لگاتار گیندوں پر عمیمہ سہیل (صفر)اور سدرہ امین (صفر )کو آئوٹ کیا،وقفے وقفے سے گرنے والی وکٹوں کی وجہ سے پاکستان ٹیم بڑے سکور تک پہنچنے میں کامیاب نہ ہوسکی۔رامین شمیم نے دو چوکوں کی مدد سے 23 رنز بنائے اور 17 رنز سکور کرنے والی منیبہ علی کے ساتھ تیسری وکٹ کی شراکت میں 42 رنز کا اضافہ کیا۔

(جاری ہے)

سدرہ نواز 15 اور عالیہ ریاض 13 رنز بناکر آٹ ہوئیں۔ کپتان فاطمہ ثنا نی22 رنز کی اننگز کھیلی۔ ڈیانا بیگ 16 رنز بناکر ناٹ آٹ رہیں۔لیگ سپنر شورنا اختر سب سے کامیاب بولر رہیں انہوں نے صرف 3 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں جو ان کی کریئر بیسٹ بولنگ ہے۔ معروفہ اختر اور ناہیدہ اختر نے دو دو کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔بنگلہ دیش کی اننگز میں اپنا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل کھیلنے والی روبیعہ حیدر نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 8 چوکوں کی مدد سی54 رنز بنائے اور وہ ناٹ آٹ رہیں۔

کپتان نگار فاطمہ نے 5 چوکوں کی مدد سے 23 رنز کی اننگز کھیلی۔دونوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 62 رنز کا اضافہ کیا۔سبحانہ موستری نے آٹ ہوئے بغیر 24 رنز سکور کیے جس میں چھ چوکے شامل تھے۔پاکستان کی طرف سے ڈیانا بیگ رامین شمیم اور فاطمہ ثنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان ویمنز ٹیم اپنا دوسرا میچ 5 اکتوبر کو انڈیا ویمنز کے خلاف کولمبو میں کھیلے گی۔