قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان کی پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد، جمہوریت اور صحافت کو لازم و ملزوم قرار

جمعہ 3 اکتوبر 2025 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن پاکستان (پی آر اے پی) کے حالیہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت اور صحافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے، آزاد اور خودمختار صحافت ہی جمہوریت کی اصل روح ہے۔

جمعہ کو اپنے تہنیتی پیغام میں سیدال خان نے نومنتخب صدر ایم بی سومرو، نائب صدر محمد عثمان خان کاکڑ، سیکرٹری نوید اکبر، جوائنٹ سیکرٹری اورنگزیب کاکڑ، فنانس سیکرٹری شاکر عباسی، سیکرٹری اطلاعات جاوید حسین کے ساتھ ساتھ گورننگ باڈی کے اراکین آسیہ انصر، احمد نواز خان، حافظ عبدالماجد، عمر حیات خان، جاوید نور، غلام رسول کنبھر اور روزینہ علی کو کامیابی پر دلی مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی آر اے پی کے انتخابات کا خوش اسلوبی سے انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ اراکین نے اپنے نمائندوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، جو ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کا اعتراف ہے۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر کہا کہ پریس گیلری پارلیمان کا ایک لازمی جزو ہے۔ پارلیمانی رپورٹرز قانون سازی کے عمل کو عوام تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

جمہوریت کا حسن اسی وقت نکھرتا ہے جب آزاد صحافت کو فروغ دیا جائے، کیونکہ یہی شفافیت، جوابدہی اور قانون کی حکمرانی کو مضبوط بناتی ہے۔"انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پی آر اے پی کی نومنتخب ایگزیکٹو باڈی نہ صرف پارلیمانی صحافیوں کے مسائل کے حل میں فعال کردار ادا کرے گی بلکہ ان کے پیشہ ورانہ کردار کو مزید مؤثر اور متحرک بنانے میں بھی معاون ثابت ہوگی۔

سیدال خان نے پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی اور کہا کہ ایوانِ بالا اور پی آر اے پی کے درمیان ہمیشہ قریبی اور خوشگوار تعلق رہا ہے جو مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔آخر میں قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے نومنتخب عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو مزید بہتر انداز میں نبھاتے ہوئے آزاد اور ذمہ دار صحافت کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔