وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے اعزازی مشیر عثمان شاہ سے قازقستان کے سفیر یرژان کسٹافن کی ملاقات، فیشن اور موسیقی کے شعبوں میں ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

جمعہ 3 اکتوبر 2025 15:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے اعزازی مشیر عثمان شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان فنون لطیفہ اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دی جائے گی، بالخصوص فیشن اور موسیقی کے شعبے میں زیادہ توجہ دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان میں قازقستان کے سفیر یرژان کسٹافن سے ملاقات میں کیا ۔

ملاقات میں قازقستان کے سفیر نے بتایا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ ثقافتی تعاون بڑھانے کے لیے ایک جامع روڈ میپ پر کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس روڈ میپ کی تفصیلات جلد پاکستان کے ساتھ شیئر کی جائیں گی۔ سفیر نے مزید بتایا کہ پاکستان کی وزارت قومی ورثہ و ثقافت کے سینئر حکام نے قازقستان کے ساتھ مشترکہ فلم بنانے کی تجویز بھی دی ہے تاکہ دونوں ممالک کے مشترکہ ثقافتی پہلوئوں کو اجاگر کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عثمان شاہ نے کہا کہ پاکستان اپنے قازقستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور عوامی روابط کے فروغ اور ثقافتی وفود کے تبادلوں پر زور دیتا ہے۔ انہوں نے سفیر کو محکمہ آثار قدیمہ کے کاموں سے آگاہ کیا جو وزارت قومی ورثہ و ثقافت کے تحت کام کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بدھ مت ورثے کو تھری ڈی فلمز کے ذریعے دنیا کے سامنے پیش کر رہا ہے۔

قازقستان کے سفیر نے عثمان شاہ کو قازقستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ وہ مقامی فیشن ڈیزائنرز سے ملاقات کریں اور فیشن کے شعبے میں تعاون کے امکانات پر بات چیت کریں۔ عثمان شاہ نے دعوت قبول کرتے ہوئے یقین دلایا کہ پاکستانی فنکاروں کے ذریعے قازق ثقافت کو پاکستان میں فروغ دینے کے لیے ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔