مقبوضہ کشمیر ، بھارتی پولیس کاسم کارڈ فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون

جمعہ 3 اکتوبر 2025 16:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) بھارتی پولیس نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے کپواڑہ اور اسلام آباد اضلاع میں سم کارڈ فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کیا ہے اور چھاپے مارے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس اہلکاروں نے دونوں اضلاع میں ہندواڑہ، کوکرناگ اور بیج بہاڑہ سمیت متعدد مقامات پر چھاپے مارے اور تلاشی کی کارروائیاں کیں۔

(جاری ہے)

پولیس اہلکار سم کارڈز رکھنے والے افراد کی شناخت اور پتے کی تصدیق کے بہانے تاجروں کو خوف و ہراس کا نشانہ بنارہی ہے ۔قابض حکام نے خبردار کیاہے کہ اگر دکاندارو ں نے سم مالکان کی تفصیلات مقامی پولیس سٹیشنوں میں جمع نہیں کرائیں توان کے کاروباری لائسنسوں کی منسوخی کے علاوہ انکے خلاف مجرمانہ کارروائی شروع کی جائے گی ۔تاجر برادری نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پولیس سٹیشنوں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے ان کا کاروبار بری طرح متاثرہو رہاہے۔انہوں نے قابض انتظامیہ کی اس پالیسی کو عوام دشمن قرار دیا۔