وزیراعلی پنجاب کے ’’ستھرا پنجاب وژن‘‘ کے تحت لاہور میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری

جمعہ 3 اکتوبر 2025 19:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) وزیراعلی مریم نواز شریف کے ’’ستھرا پنجاب وژن‘‘ پر عملدرآمد کے سلسلہ میں لاہور میں تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کی سربراہی میں ایم سی ایل اسکواڈز شہر بھر کی مارکیٹوں اور بازاروں میں متحرک ہیں۔آپریشن کے دوران اب تک مختلف علاقوں سے 625 تجاوزات ہٹا کر سامان ضبط کر لیا گیا ہے جبکہ شہر کی سڑکوں سے 2271 غیر قانونی بینرز اور فلیکسز کو بھی اتار دیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق تجارتی مراکز اور بازاروں کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کرنے تک یہ مہم روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے ہدایت دی کہ کسی بھی علاقے میں دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہونے دی جائیں اور شہریوں کی سہولت کے لیے ٹریفک کی روانی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اپنے اپنے علاقوں میں ان آپریشنز کی خود نگرانی کریں اور مارکیٹ یونینز کو بھی اعتماد میں لیا جائے تاکہ تجاوزات کے خاتمے کا فیصلہ موثر بنایا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ تجاوزات مافیا کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی اور لاہور کی سڑکوں اور بازاروں کو ہر قسم کی رکاوٹ سے پاک کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام کے تعاون سے ہی ستھرا پنجاب مہم کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے۔