Live Updates

سیلاب زدہ علاقوں میں مچھر دانیوں کی فوری ضرورت ہے،مولانا بشیر فاروقی

سیلانی تیار کھانے، دودھ ،مہینے کا راشن ،خیمے ،دوائیں اور کپڑے تقسیم کررہا ہے،ذمہ داران سے گفتگو

جمعہ 3 اکتوبر 2025 18:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء)سیلانی کے بانی اور چیئرمین مولانا بشیر فاروق قادری نیہدایت کی ہے کہ جنوبی پنجاب کے علاقے مظفر گڑھ سے متصل جلال پور سمیت قریبی کئی علاقوں میں سیلاب کی تباہی پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا ہے اور متاثرین کی بحالی پر ابھی کافی وقت اور وسائل درکار ہیںتاہم سیلانی کے رضا کار فوری نوعیت کی مدد فراہم کررہے ہیں جن میں تیار کھانے،بچوں کے لیے دودھ ،مہینے کا راشن ،خیمے ،کپڑے اور ادویات شامل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان اور فیصل آباد کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ان علاقوں کے ذمہ داران اور ٹرسٹیز نے بتایا کہ موسم تبدیل ہورہا ہے ، برساتی اور سیلابی پانی کی وجہ سے مچھروں کی بہتات ہوگئی ہے جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر ملیریا اور ڈینگی کی وبا پھیلنے کا خدشہ ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جلال پور کے قریب 125 تحصیلیں ڈوب گئی ہیں۔

1450 خاندان بے گھر ہوگئے ہیں۔کئی پوش علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ زراعت مکمل طور پر تباہ ہے۔متاثرین کو ضروری سازو سامان درکار ہے جن میں چارپائیاں اور برتن شامل ہیں۔مولانا بشیر فاروق قادری نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ سیلانی سے تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں۔سیلاب زدہ علاقوں میں بڑی تعداد میں مچھر دانیوں کی فوری ضرورت ہے۔سیلانی ہر مرحلے پر متاثرین کی مدد کررہا ہے۔

ابھی ان کی اصل گھروں کی طرف بحالی کا کام بھی شروع کیا جانا ہے جو پانی اترنے کے بعد ہی شروع کیا جاسکے گا۔مولانا بشیر فاروق قادری نے میڈیکل ٹیموں کو بھی ہدایت کی کہ وہ سیلاب متاثرین کی صحت کا خیال رکھیں اور روزانہ کی بنیاد پر معلومات حاصل کرکے علاج کی سہولتیں فراہم کرتے رہیں۔ڈینگی اور ملیریا سے بچاو کے لیے ہرممکن اقدامات کریں۔اس کے علاوہ دیگر وبائی امراض پھیلنے کے خدشات کو بھی مدنظر رکھیں تاکہ بروقت ایسی صورتحال پر قابو پایا جاسکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات