حکومت بلوچستان صو بہ بھر میں یکساں ترقی کیلئے کوشاں ہے ،صوبائی وزیر منصوبہ بندی

جمعہ 3 اکتوبر 2025 19:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان صوبہ بھر میں یکساں ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے ،ژوب سے گوادر اور ڈیرہ بگٹی سے چمن تک تمام اضلاع میں برابری کی بنیاد پر ترقی ترجیحات میں شامل ہیں ،ان خیالات کااظہار انہوں نےبات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میر ظہوراحمد بلیدی نے کہاکہ حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے میں ژوب اور شیرانی سے لے کر تربت اور گوادر تک، نصیر آباد اور ڈیرہ بگٹی سے خاران اور چاغی تک، حب، بیلہ اور خضدار سے لے کر قلات اور لورالائی تک تمام ڈویژن اور اضلاع برابر ترجیحات میں شامل ہیں۔

اگر کوئی شاہراہ چمن یا ژوب میں بنتی ہے تو اس پر پورے صوبے کے لوگ سفر کرتے ہیں اور اگر کوئی سڑک سبی، بیلہ یا کسی اور ضلع میں تعمیر ہوتی ہے تو اس کا فائدہ بھی پورے بلوچستان کے عوام کو پہنچتا ہے۔

(جاری ہے)

اس کی نمایاں مثالیں چمن۔کوئٹہ۔خضدار۔بیلہ شاہراہ، کوئٹہ۔لورالائی روڈ، تربت۔کوئٹہ شاہراہ، گوادر۔حب شاہراہ اور کوئٹہ۔سبی شاہراہیں ہیں جو صوبے کے مختلف حصوں کو جوڑ کر ترقی کے سفر کو آگے بڑھا رہی ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے ہمیشہ زمینی حقائق اور فیزیبلٹی کی بنیاد پر دیے جاتے ہیں۔ جہاں ضرورت ہوگی، وہاں اسکیمیں شروع ہوں گی۔ گوادر میں فش لینڈنگ جیٹی، نصیر آباد ڈویژن میں پختہ نہری نظام قلعہ سیف اللہ میں بادینی ٹرمینل اور سیبوں کے پراسیسنگ پلانٹس اسی حقیقت کی مثالیں ہیں۔ بلوچستان ہمارا مشترکہ گھر ہے جہاں بلوچ، پشتون، سندھی، سرائیکی، ہزارہ، پنجابی اور دیگر قومیتیں صدیوں سے آباد ہیں اور ایک دوسرے کے دکھ سکھ میں شریک ہیں۔

ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ لسانیت کی بنیاد پر سیاست کرنے والے عناصر کو صوبے کے عوام پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم سب لسانی و علاقائی تعصبات سے بالاتر ہو کر ایک پاکستانی کی حیثیت سے سوچیں اور یکساں ترقی کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :