محتسب پنجاب کے موثر اقدامات، گرانفروشی و ناقص اشیا کی فروخت پر 32 لاکھ سے زائد جرمانے

جمعہ 3 اکتوبر 2025 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) دفتر محتسب پنجاب نے عوامی شکایات پر فوری کارروائی کرتے ہوئے صوبہ بھر میں گرانفروشی، ناقص اور مضر صحت اشیائے خوردونوش کی فروخت میں ملوث افراد کے خلاف موثر اقدامات کیے ہیں۔ محتسب پنجاب کی ہدایات پر مختلف اضلاع میں انسپکشنز کے دوران حقائق کی تصدیق کے بعد پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران نے کارروائیاں کیں۔

روزمرہ استعمال کی اشیا جیسے مرغی، گوشت، مچھلی، دودھ، انڈے، کوکنگ آئل، مشروبات اور تلی ہوئی اشیا کی قیمتوں اور معیار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعدد مقامات پر نرخنامے کی خلاف ورزی اور ناقص اشیا کی فروخت پائی گئی، جس پر سخت کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 32 لاکھ 66 ہزار روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر محتسب پنجاب کے مطابق ہوٹلو اور ریسٹورنٹس میں صفائی کے ناقص انتظامات اور غیر معیاری کھانے کی فراہمی پر بھی سخت کارروائی کی گئی۔

متعدد مقامات پر ماحولیاتی آلودگی اور غیر تسلی بخش صفائی کی صورتحال پر جرمانے کیے گئے۔محتسب پنجاب نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ گرانفروشی، ملاوٹ اور ناقص اشیا کی فروخت کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ عوام کو محفوظ، معیاری اور مناسب نرخوں پر اشیائے خور و نوش کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی۔

متعلقہ عنوان :