ووٹ کے بنیادی حق کے حوالہ سے قانونی نکات پر بات ہونی چاہئے، اعظم نذیر تارڑ

جمعہ 3 اکتوبر 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ قانون اور آئینی نکات پر سوچ سمجھ کر بات کرنی اور اس کا حل تلاش کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

ترجمان وزارت قانون وانصاف کے مطابق وفاقی وزیر قانون وانصاف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جن 12 نشستوں کے حلقے کشمیر سے متعلق ہیں، یہاں وہ ووٹر ہیں جو کشمیر کاز کے لئے یہاں آ کر آباد ہوئے، ان حلقوں کے ووٹرز کا کشمیر سے تعلق ختم نہیں کیا جا سکتا،اس معاملے پر سیاسی اتفاق رائے ہونا ضروری ہے،جن لوگوں کے ووٹ کے حق پر اعتراض اٹھایا جا رہا ہے ان کے نمائندوں سے بات ہونی چاہئے، ووٹ بنیادی حق ہے، اس معاملے میں عجلت نہیں کرنی چاہئے۔

اعظم نذیر تارڑنے مزید کہا کہ ووٹ کے بنیادی حق کے حوالہ سے قانونی نکات پر بات ہونی چاہئے،ہم کشمیر کاز کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، ایسا کوئی عمل نہیں ہونا چاہئے جو اسے نقصان پہنچائے۔