ٓپشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ تحصیل سٹی کے اجلاس تحصیل سیکرٹری کی صدارت میں منعقد ہوا

جمعہ 3 اکتوبر 2025 21:45

pکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اکتوبر2025ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ تحصیل سٹی کے اجلاس تحصیل سیکرٹری کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبہ پنجاب کے صوبائی جنرل سیکرٹری خالقداد وطن پال ،جنوبی پشتونخوا کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری منان خان بڑیچ، مرکزی کمیٹی کے رکن ولیم جان برکت ، ضلع ایگزیکٹیوزوضلع کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی ۔

اجلاس کی کارروائی تحصیل سینئر معاون سیکرٹری شکور افغان نے سرانجام دی ۔ اجلاس میں تنظیمی سیاسی کارکردگی رپورٹس پیش کی گئی جس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں 8ستمبر کے پہیہ جام و شٹر ڈائون ہڑتال کی کامیابی پر تمام کارکنوں کو داد تحسین پیش کیا گیا اور انتظامیہ کی تشدد، آنسو گیس ، شینگ، لاٹھی چارج ، گرفتاریوںکی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے غیر جمہوری اقدام قرار دیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پارٹی کارکنان اپنے محبوب چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی ہر آواز پر لبیک کہتے ہوئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے اور ہر قسم کے حالات میں سیاسی جمہوری جدوجہد کے لیے تیار ہوں گے۔ اجلاس میں سٹی تحصیل کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیدنگ، گیس پریشر کی کمی اور بالخصوص رات بھر لوڈشیڈنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی گیس لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرتے ہوئے اسے بحال کرے تاکہ سردیوں کی آمد سے قبل ہی صارفین کو اس مسئلے سے نجات حاصل ہو ۔

اجلاس میں کہا گیا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے گرمیوں میں پارٹی وفود کا یہ بتلایا تھا کہ سردیوں کی آمد سے قبل نئے کنکشن ، پائپ لائنز بچھا کر شہر بھر میں صارفین کو گیس کی درست پریشر کے ساتھ فراہمی یقینی بنائی جائیگی لیکن اب تک ایسے اقدامات نظر نہیں آرہے ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ بلاتاخیر پائپ لائنوں کی بچھائی اور گیس کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے جائے اور رات بھر لوڈشیڈنگ کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے۔

اجلاس میں کہا گیا کہ سٹی تحصیل کے مختلف علاقوں میں صفائی ، سٹریٹ لائٹس کا کوئی نظام نہیں۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی انتظامیہ اور صفا پروجیکٹ کے حکام صفائی ستھرائی کے نظام پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے کچروں کے ڈھیر کو اٹھانے ، گندگی کے خاتمے ، خصوصی سپرے کرانے کے لیے اقدامات اٹھائے۔ اور اسی طرح جن علاقوں ، محلوں میں سٹریٹ لائٹس موجود نہیں وہاں پر فوری طور پران کی تنصیب کی جائے۔ اجلاس میں پارٹی کارکنوں کو اپنی تنظیمی سیاسی فعالیت دوبالاکرنے پر زور دیا گیا اور تحصیل سٹی کے بعض علاقائی یونٹس کو ہدایت کی گئی کہ وہ کانفرنسز کی تیاری اور مقررہ وقت پر انعقاد کو جمہوری انداز میں یقینی بنائیں