انروا پر سات اکتوبر کے حملے کو ممکن بنانے کا مقدمہ جج نے خارج کر دیا

فیصلے کے مطابق اقوامِ متحدہ اور ایجنسی کو ایسے مقدمات سے استثنی حاصل ہے،رپورٹ

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 15:17

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2025ء) نیویارک کے ایک وفاقی جج نے وہ مقدمہ خارج کر دیا جس میں یہ دعوی کیا گیا تھا کہ فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوامِ متحدہ کی ایجنسی انروا نے ایک بلین ڈالر سے زیادہ رقم فراہم کی تھی جس سے حماس کا اسرائیل پر مہلک حملہ ممکن ہوا۔امریکی ڈسٹرکٹ جج اینالیسا ٹوریس نے کہا کہ انروا کو اقوامِ متحدہ کا حصہ ہونے کی وجہ سے تحفظ اور اقوامِ متحدہ کو ایسے مقدمات سے استثنی حاصل ہے۔

اس مقدمے میں ایجنسی کو سات اکتوبر 2023 کے حملے کے لیے جوابدہ قرار دینے کی کوشش کی گئی تھی۔حملے کے بعض متاثرین کے اہلِ خانہ کے دائر کردہ مقدمے میں غیر متعین ہرجانے کا مطالبہ اور انروا اور اس کے سات موجودہ اور سابق سینئر عہدیداروں کو مدعا علیہ نامزد کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

مقدمے میں الزام لگایا گیا کہ انروا نے دوسری چیزوں کے علاوہ اپنے سکولوں اور طبی کلینکوں میں ہتھیار ذخیرہ کرنے اور تعیناتی کے مراکز قائم کرنے کی اجازت دے کر اور حماس کے ارکان کو ملازمت دے کر اس کی مدد کی تھی۔

انروا کے وکلا نے مقدمے کو مضحکہ خیز قرار دیا اور عدالتی دستاویزات میں کہا ہے کہ ایجنسی اقوامِ متحدہ کے ماتحت اداری کے طور پر ذمہ داری سے محفوظ ہے۔صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے گذشتہ سال دلیل دی تھی کہ اس مقدمے کو خارج کر دینا چاہیے کیونکہ انروا کو استثنی سے تحفظ حاصل ہے اور اس پر مقدمہ نہیں چل سکتا۔ لیکن اپریل میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے یہ مقف تبدیل کر دیا اور دلیل دی کہ نہ ایجنسی اور نہ ہی اس کے اہلکار ایسے تحفظ کے حقدار تھے۔انروا اور مدعیان کی نمائندگی کرنے والے وکلا کسی نے جمعہ کو جج کے فیصلے پر تبصرے کی درخواستوں کا فوری جواب نہیں دیا۔ فیصلہ منگل کو جاری کیا گیا تھا۔