پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کے لیے پُروقار تقریبِ تقسیمِ لیپ ٹاپس کا انعقاد

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 19:50

,فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ڈی پی سکول و کالج فیصل آباد میں پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کے لیے ایک پُروقار تقریبِ تقسیمِ لیپ ٹاپس منعقد ہوئی۔ تقریب میں کمشنرو چیئرمین بورڈ آف انٹرمیڈیٹ و سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب میں فیصل آباد ڈویژن کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے 47 پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے۔

کمشنر راجہ جہانگیر انور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوزیشن ہولڈرز طلبا اور ان کے والدین کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ لمحہ ہم سب کے لئے باعثِ فخر ہے کہ ہمارے طلبا نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ کے ذریعے طلباء اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھاریں گے اور علم و تحقیق کے میدان میں نئے معجزے دکھائیں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ طلبہ قوم کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل کے لیڈرز ہیں، ملک کی باگ ڈور آئندہ انہی کے ہاتھوں میں ہوگی۔

راجہ جہانگیر انور نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت کو اپنا شعار بنائیں، اللہ تعالیٰ پر کامل ایمان رکھیں اور جدید علوم سے خود کو ہم آہنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم و ٹیکنالوجی کی بدولت ہی پاکستان دنیا کی پہلی اسلامی ایٹمی قوت بنا جبکہ چین کی ترقی تعلیم اور ٹیکنالوجی کے فروغ کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب تعلیم کے شعبہ کو خصوصی اہمیت دے رہی ہیں اور سب سے زیادہ وسائل ایجوکیشن سیکٹر میں فراہم کر رہی ہیں۔تقریب میں ایڈیشنل کمشنر کنسالیڈیشن آصف چوہان، سیکرٹری ایجوکیشن بورڈ ڈاکٹر حبیب الرحمن، پرنسپل ڈی پی ایس پروفیسر یسین، اساتذہ، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔