خضدار ، زہری میں سکیورٹی فورسز نے ریاست دشمن عناصر کا قلع قمع کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 20:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ خضدار کے علاقے زہری میں سکیورٹی فورسز نے ریاست دشمن عناصر کا قلع قمع کرتے ہوئے متعدد دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور ان کے ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ۔ سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور سکیورٹی فورسز مل کر وطن دشمنوں کے عزائم کو خاک میں ملا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابیاں اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں کہ ریاستِ پاکستان اور اس کے عوام ہر اس قوت کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں جو ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گی ۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے بہادر عوام اور جوانوں نے ہمیشہ مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے بے مثال قربانیاں دیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے اپنے جوانوں اور عوام کی جرات و بہادری پر فخر ہے۔

وزیر اعلیٰ کہا کہ خضدار میں سکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی دشمن کے ناپاک عزائم کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگی ، بلوچستان کے عوام اور فورسز مل کر وطن کے دفاع میں ایک ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و ترقی کا سفر ناقابلِ واپسی ہے اور حکومت بلوچستان دشمن قوتوں کے خلاف اپنی پالیسی پر مزید مضبوطی سے عمل پیرا رہے گی۔