پی آئی اے کا برطانیہ کیلئے پروازیں 25 اکتوبر سے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان

مانچسٹر سے اسلام آباد تک نان اسٹاپ پروازیں چلائیں جائی گی، پاکستان ایئر لائن کا اعلامیہ

ہفتہ 4 اکتوبر 2025 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اکتوبر2025ء) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی ای) نے برطانیہ کے لیے اپنی پروازیں 25 اکتوبر سے دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مانچسٹر سے اسلام آباد تک نان اسٹاپ پروازیں چلائیں جائی گی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی جانب سے یہ اعلان اٴْس وقت سامنے آیا جب گزشتہ روز لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بتایا تھا کہ قومی ایئرلائن رواں ماہ برطانیہ کیلئے پروازوں کا دوبارہ سے آغاز کرے گی۔

اس کی وجہ پی آئی اے کو برطانوی سول ایوی ایشن اتھارٹی سے فارن ایئرکرافٹ آپریٹنگ پرمٹ اور تھرڈ کنٹری آپریٹر کی منظوری ملنا ہے، تاہم اٴْس وقت کوئی حتمی تاریخ نہیں بتائی گئی تھی۔

(جاری ہے)

پی آئی اے نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری ایک پوسٹ میں اپنی ’تاریخی واپسی‘ کا اعلان کرتے ہوئے لکھا کہ انتظار ختم ہوا، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز فخر کے ساتھ مانچسٹر اور اسلام آباد کو دوبارہ جوڑ رہی ہے اور پیاروں کو ایک دوسرے کے قریب لا رہی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز ہائی کمیشن نے اعلان میں کہا تھا کہ پہلے مرحلے میں مانچسٹر کے لیے پروازیں شروع کی جائیں گی، جس کے بعد برمنگھم اور لندن کے لیے پروازیں بھی بحال کی جائیں گی۔جولائی میں برطانیہ نے پاکستان کو اپنی ایئر سیفٹی لسٹ سے نکال دیا تھا، جس کے بعد پاکستانی ایئرلائنز کو برطانیہ میں پروازوں کے لیے درخواست دینے کی اجازت ملی تھی۔

یہ پیش رفت اٴْس وقت سامنے آئی تھی، جب برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا ایوی ایشن سیکیورٹی معائنہ مکمل کیا اور پاکستان کے حفاظتی انتظامات کو ’تسلی بخش اور بین الاقوامی معیار کے مطابق‘ قرار دیا تھا۔یاد رہے کہ کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں پی آئی اے کے ایئربس اے 320 کے گر کر تباہ ہونے اور اس میں موجود تقریبا 100 مسافروں کے جاں بحق ہونے کے افسوس ناک واقعے کے ایک ماہ بعد قومی ایئر لائن پر پابندیاں عائد کر دی گئی تھیں۔

جون 2020 میں عائد ہونے والی ان پابندیوں کے تحت پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز پر یورپی یونین، برطانیہ اور امریکا کے لیے پروازیں چلانے پر ممانعت تھی۔یہ پابندی اٴْس وقت لگائی گئی تھی، جب اٴْس وقت کے وزیرِ ہوا بازی غلام سرور خان نے 262 پائلٹس کے لائسنس کو مشکوک قرار دے کر ان کی معطلی کا اعلان کیا تھا، بعد ازاں یورپ میں پروازوں پر عائد پابندی کو نومبر 2024 میں ختم کر دیا گیا تھا۔