محکمہ موسمیات کی سمندری طوفان ’’شکتی‘‘ کے پیش نظر ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت

اتوار 5 اکتوبر 2025 13:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) پاکستان کے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ سمندری طوفان ’’شکتی‘‘ شمال مغربی بحیرۂ عرب میں مغرب-جنوب مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق یہ طوفان اس وقت 21.0 ڈگری شمالی عرض البلد اور 61.8 ڈگری مشرقی طول البلد پر واقع ہے، جو کراچی سے تقریباً 700 کلومیٹر جنوب مغرب میں ہے، طوفان اپنے موجودہ مغرب-جنوب مغربی رخ پر 6 اکتوبر تک برقرار رہنے کا امکان ہے جس کے بعد آئندہ 24 گھنٹوں میں یہ مغرب-وسطی اور شمال مشرقی بحیرۂ عرب کی جانب مڑ کر بتدریج کمزور پڑ جائے گا، طوفان کے اثرات کے تحت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں مقامی سطح پر ہلکی بارش متوقع ہے تاہم سمندر کی صورتحال خراب سے نہایت خراب رہے گی اور سندھ کے ساحل کے ساتھ 40 تا 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی، جو جھکڑ کی صورت میں 55 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جا سکتی ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی ہے کیونکہ طوفان کے مرکز کے گرد ہوا کی رفتار دوپہر تک 110 تا 120 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ جھکڑوں میں 135 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے، ہوا کی شدت آئندہ 12 گھنٹوں میں کم ہو کر 80 تا 90 کلومیٹر فی گھنٹہ، اور جھکڑوں میں 100 کلومیٹر فی گھنٹہ رہنے کی توقع ہے جبکہ بعد ازاں یہ مزید کم ہو کر 50 تا 60 کلومیٹر فی گھنٹہ اور جھکڑوں میں 70 کلومیٹر فی گھنٹہ ہو جائے گی۔

سمندر کی حالت آئندہ 36 گھنٹوں کے دوران شمال مغربی اور مغرب-وسطی بحیرۂ عرب میں نہایت خراب سے بہت زیادہ خراب رہے گی، جبکہ 5 اکتوبر کی رات سے 7 اکتوبر تک سمندرمیں صورتحال بہت زیادہ خراب سے انتہائی خراب ہونے کا امکان ہے۔کراچی میں قائم سائیکلون وارننگ سینٹر صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ضرورت کے مطابق تازہ ترین معلومات جاری کر رہا ہے، ساحلی علاقوں میں رہائشیوں اور حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہوشیار رہیں اور محکمہ موسمیات کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔