آئی سی ٹی پولیس کا ترنول میں گرینڈ سرچ اور کومبنگ آپریشن

اتوار 5 اکتوبر 2025 18:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں سیکیورٹی مضبوط بنانے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف تھانہ ترنول کی حدود میں گرینڈ سرچ اور کومبنگ آپریشن کیا۔اتوار کوپولیس اہلکار نے بتایا کہ مختلف پولیس یونٹس کی ٹیموں، جن میں خواتین پولیس اہلکار بھی شامل تھیں، نے سرچ آپریشن میں بھرپور حصہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران 150 افراد، 15 گھروں، 5 دکانوں، 15 گاڑیوں اور 55 موٹرسائیکلوں کی تلاشی لی گئی، جبکہ 22 مشتبہ افراد کو قانونی کارروائی کے لیے تھانے منتقل کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہر کے مختلف علاقوں میں مؤثر قانون نافذ کرنے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اسی نوعیت کے سرچ اور کومبنگ آپریشنز جاری رکھے ہوئے ہے۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) محمد جواد طارق نے کہا کہ ان کارروائیوں کا بنیادی مقصد جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنا اور شہر میں مجموعی سیکیورٹی کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مجرموں، قبضہ مافیا اور منشیات فروشوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔