پی این ایس سی کی جانب سے سی ایس آر کمیٹی کی زیر نگرانی لیاری میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

اتوار 5 اکتوبر 2025 19:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن(پی این ایس سی)کی کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی(سی ایس آر)کمیٹی نے اپنی سماجی فلاح و بہبود کی مسلسل کاوشوں کے تحت گورنمنٹ گرلز سیکنڈری اسکول، لیاری میں ایک فری میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا۔ اس اقدام کا مقصد کم وسائل رکھنے والی مقامی آبادی کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کرنا تھا۔

اس میڈیکل کیمپ میں جنرل او پی ڈی مشاورت، جلدی امراض کی مشاورت، شوگر ٹیسٹ، کولیسٹرول ٹیسٹ اور مفت ادویات کی تقسیم جیسی سہولیات فراہم کی گئیں۔کیمپ صبح 10 بجے سے دوپہر 3 بجے تک جاری رہا اور اس دوران تقریبا 500 افراد نے مفت طبی سہولیات سے استفادہ کیا۔پی این ایس سی کی اعلی قیادت، جن میں سید جرار حیدر کاظمی(چیف ایگزیکٹو آفیسر)، کیپٹن مصطفی کزل باش(چیئرمین سی ایس آر کمیٹی)اور سید ذیشان حیدر تقوی(چیف فنانشل آفیسر)شامل تھے، سی ایس آر ٹیم کے ہمراہ کیمپ کا دورہ کیا اور سرگرمیوں کی نگرانی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پی این ایس سی کی عملی شمولیت اور سماجی خدمت کے جذبے کا واضح مظاہرہ ہوا۔یہ اقدام پی این ایس سی کے عزم کو اجاگر کرتا ہے کہ وہ عوامی صحت میں بہتری اور پسماندہ طبقات کی فلاح کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہی ہے۔ مقامی آبادی اور ساحلی علاقوں میں مثر رابطوں کے ذریعے، پی این ایس سی سماجی بھلائی کے فروغ اور ایک صحت مند، خوشحال معاشرہ تشکیل دینے کے لیے کوشاں ہے۔