Live Updates

پاک صاف و شفاف خیبرپختونخوا،صوبائی حکومت کا اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد فلیگ شپ پروگرام ہے، پیر مصور خان

اتوار 5 اکتوبر 2025 19:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2025ء)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے کہا ہے کہ پاک صاف و شفاف خیبرپختونخواصوبائی حکومت کا ایک انقلابی اور اپنی نوعیت کا پہلا فلیگ شپ پروگرام ہے، جو 11 ارب روپے کی لاگت سے صوبے کے دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل درگئی کے 25 ویلج کونسلز میں پروگرام کے تحت بھرتی ہونے والے اہلکاروں میں عارضی تقرری نامے، لوڈر رکشے، یونیفارمز اور صفائی کٹس کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں چیئرمین تحصیل درگئی پیر اسلام غازی، اسسٹنٹ کمشنر درگئی شہباز خان، محکمہ بلدیات کے افسران، منتخب بلدیاتی نمائندے اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی پیر مصور خان نے کہا کہ صوبائی حکومت عمران خان کے ویژن پر عمل پیرا ہے، جس کے تحت عوامی مسائل کے حل اور سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ‘‘پاک، صاف و شفاف خیبرپختونخوا’’پروگرام کے تحت ہر ویلج کونسل میں صفائی کے لیے شفاف طریقہ کار اور قرعہ اندازی کے ذریعے افراد بھرتی کیے گئے ہیں۔ بھرتی کے عمل میں کسی قسم کا سیاسی اثر ورسوخ شامل نہیں، عوام کے ٹیکس کے پیسے کے درست استعمال کو یقینی بنانے کے لیے صفائی کی نگرانی کے لئے کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں اور اس مقصد کے لیے ایک جدید ڈیش بورڈ بھی قائم کر دیا گیا ہے۔

پیر مصور خان نے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف دیہی علاقوں میں صفائی کے معیار کو بہتر بنائے گا بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی فراہم کررہا ہے، جس سے عوامی فلاح و بہبود کے اہداف حاصل ہوں گے۔معاون خصوصی نے مزید کہا کہ صاف، سرسبز اور صحت مند خیبرپختونخوا ہماری منزل ہے اور یہ پروگرام عوام کی شمولیت اور شفافیت کے ذریعے اسی منزل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات