اساتذہ صرف علم کے امین نہیں بلکہ معاشرتی ہم آہنگی، فکری ترقی اور قومی تعمیر کے ستون ہیں، گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا یوم اساتذہ پر پیغام

اتوار 5 اکتوبر 2025 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر اساتذہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے تدریس کو عظیم فریضہ اور قوم سازی کا مقدس مشن قرار دیا ہے۔ اتوار کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ اساتذہ صرف علم کے امین نہیں بلکہ معاشرتی ہم آہنگی، فکری ترقی اور قومی تعمیر کے ستون ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے "تدریس کو اشتراکی پیشہ بنانے" کی عالمی تھیم کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں پالیسی سطح پر اصلاحات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اساتذہ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں بااختیار بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی عزت و وقار کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہاکہ تعلیم میں اشتراک و تعاون کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے تاکہ درس گاہوں کا معیار بلند ہو اور قوم ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی، خوشحالی اور مستقبل کا انحصار اساتذہ پر ہے کیونکہ قوموں کی ترقی و زوال کا دار و مدار درس گاہوں کے معیار پر ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :