yرحیم یار خان: تیزاب گردی کا مرکزی ملزم پولیس مقابلے میں ہلاک

ژ*پولیس چھاپے کے دوران فائرنگ کا تبادلہ، محمد ریاض مارا گیا، دو ساتھی فرار

اتوار 5 اکتوبر 2025 21:10

G رحیم یار خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اکتوبر2025ء)طلاق کی رنجش پر بیوی، بیٹیوں اور خوش دامن پر تیزاب پھینکنے والا مرکزی ملزم محمد ریاض پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے۔پولیس کے مطابق چند روز قبل سدھوالی کے رہائشی محمد ریاض نے طلاق لینے کی رنجش پر سسرال کے گھر گھس کر صحن میں سوئی ہوئی بیوی، بیٹیوں اور خوش دامن پر تیزاب انڈیل دیا تھا۔

اس اندوہناک واقعے میں بیوی عذرا اور چار سالہ بیٹی صورت موقع پر جاں بحق ہو گئیں، جب کہ خوش دامن اور ایک بیٹی تاحال اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا تھا۔ تاہم گزشتہ شب پولیس کو اطلاع ملی کہ محمد ریاض اپنے دو نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ پل سیخڑاں، موضع میانی اچھا کے علاقے میں موجود ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کی نفری نے جب گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔

جوابی کارروائی میں مرکزی ملزم محمد ریاض ہلاک ہو گیا، جب کہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس نے نعش کو اسپتال کے سردخانے منتقل کر دیا ہے، جبکہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد عارف کی مدعیت میں محمد ریاض اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے جاری ہیں، اور انہیں جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔