آئی جی پنجاب کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس ہیڈکوارٹرز میں انٹر ریجن آرچری چیمپئن شپ کے دلچسپ مقابلوں کا انعقاد

اتوار 5 اکتوبر 2025 22:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2025ء) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس ہیڈکوارٹرز میں انٹر ریجن آرچری چیمپئن شپ کے دلچسپ مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، پی ایچ پی پنجاب اور ٹیلی کمیونیکیشن پنجاب کی ٹیموں نے بھرپور حصہ لیا۔ چیمپئن شپ کے دوران مختلف ایونٹس میں سنسنی خیز مقابلے دیکھنے میں آئے۔

سنگل میل ایونٹ میں ٹیلی کمیونیکیشن پنجاب نے پہلی، گوجرانوالہ ریجن نے دوسری اور فیصل آباد ریجن نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ سنگل ویمن ایونٹ میں بھی ٹیلی کمیونیکیشن پنجاب کی برتری قائم رہی جبکہ راولپنڈی ریجن دوسرے اور فیصل آباد ریجن تیسرے نمبر پر رہا۔ مکس ٹیم ایونٹ میں پہلی پوزیشن ٹیلی کمیونیکیشن پنجاب، دوسری راولپنڈی ریجن اور تیسری فیصل آباد ریجن نے حاصل کی۔

(جاری ہے)

ٹیم میل ایونٹ میں گوجرانوالہ ریجن نے میدان مار لیا جبکہ راولپنڈی ریجن اور پی ایچ پی پنجاب بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔ ٹیم ویمن ایونٹ میں راولپنڈی ریجن نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پہلی، فیصل آباد ریجن نے دوسری اور ٹیلی کمیونیکیشن پنجاب نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اوور آل چیمپئن شپ میں ٹیلی کمیونیکیشن پنجاب نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن اپنے نام کی، راولپنڈی ریجن دوسری اور فیصل آباد ریجن تیسری پوزیشن پر رہا۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ایس پی پوٹھوہار طلحہٰ ولی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پولیس افسران و اہلکاروں کے لیے کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا ان کی جسمانی اور ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے نہایت ضروری ہے۔ ایسے ایونٹس نہ صرف افسران کے حوصلے بلند کرتے ہیں بلکہ ان میں ٹیم ورک اور نظم و ضبط کا جذبہ بھی فروغ پاتا ہے۔