اٹک ، ٹیچر ڈے کی شاندار تقریب کا انعقاد، 130 اساتذہ کو "ہیرو ایوارڈ" سے نوازا گیا

پیر 6 اکتوبر 2025 14:45

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) ضلع اٹک میں محکمہ تعلیم کی جانب سے یومِ اساتذہ کے موقع پر ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے 130 اساتذہ کو "ہیرو ایوارڈ" سے نوازا گیا۔ تقریب ایم سی ہائی اسکول اٹک میں منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایجوکیشن اٹک، ڈاکٹر محمد اظہر تھے۔

جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اٹک انیل سعید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اظہر نے کہا کہ استاد محض ایک پیشہ نہیں بلکہ ایک مقدس فریضہ ہے۔ قوموں کی تعمیر و ترقی، کردار کی تشکیل اور آنے والی نسلوں کی رہنمائی کا سارا بوجھ استاد کے کندھوں پر ہوتا ہے۔تقریب کی فوکل پرسن ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محترمہ شہوار گل تھیں، جبکہ ڈی ای او سکینڈری، جناب الطاف حسین اور ڈی ای او ایلیمنٹری مردانہ، سید تقی عباس نے بھی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب میں ضلع بھر سے ڈپٹی ڈی ای اوز، اساتذہ اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مقررین نے کہا کہ "ہیرو ایوارڈ" اساتذہ کے عزم و حوصلے کو مزید جِلا بخشے گا اور ضلع میں تعلیمی معیار کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔ ایوارڈ حاصل کرنے والے اساتذہ نے سی ای او ایجوکیشن اٹک ڈاکٹر محمد اظہر اور تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسران کے جذبۂ اعتراف و احترام پر دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز ان کے لیے حوصلہ افزائی اور خدمتِ تعلیم کے سفر میں نئی توانائی کا باعث ہے۔\378