چارسدہ پولیس کی ماہِ ستمبر کی نمایاں کارکردگی، 201 مجرمان اشتہاری سمیت 830 ملزمان گرفتار، بھاری مقدار میں اسلحہ و منشیات برآمد

پیر 6 اکتوبر 2025 16:43

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ محمد وقاص خان کی ہدایت پر ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گزشتہ ماہ کے دوران بھرپور اور نتیجہ خیز کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد عوام کے جان و مال کا تحفظ، معاشرتی امن کا قیام اور جرائم کے سدباب کو یقینی بنانا تھا۔ پولیس کے مطابق گزشتہ ماہ کے دوران چارسدہ پولیس نے مختلف جرائم میں ملوث 830 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں 201 خطرناک مجرمان اشتہاری، 71 ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد، اور 337 اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزمان شامل ہیں۔

پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 13 رائفلیں، 21 شارٹ گنز، 351 پستول، 13 کلاشنکوف، 3 کلاکوف، ایک ہینڈ گرنیڈ، 500 میٹر پرائما کارڈ اور 4880 عدد کارتوس مختلف بور کے برآمد کیے۔

(جاری ہے)

منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران 86 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 16.462 کلوگرام چرس اور 54.585 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔ڈی پی او چارسدہ نے کہا کہ منشیات فروشی ایک ناسور ہے جس کے خاتمے کے لیے چارسدہ پولیس زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی تاکہ چارسدہ کو ایک پرامن اور محفوظ ضلع بنایا جا سکے۔ عوام سے اپیل ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ تھانے کو دیں۔ آخر میں ڈی پی او چارسدہ نے تمام پولیس افسران و جوانوں کی محنت اور فرض شناسی کو سراہا اور کہا کہ عوامی تحفظ کے لیے پولیس ہر وقت چوکس ہے۔