ریجن میں موسلا دھار بارش سے متاثرہ 225 سے زائد فیڈرز کی بجلی بحال کر دی گئی ہے،میپکو

پیر 6 اکتوبر 2025 17:47

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) ریجن کے زیر انتظام علاقوں میں اتوار اور سوموار کی درمیانی شب اور سوموار کی صبح سے ہونے والی شدید بارش کے باعث بجلی کا نظام متاثر ہوا ہے۔ مختلف مقامات پر بھاری درختوں کی شاخیں بجلی کی تنصیبات پر گرنے سے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

میپکو ترجمان کے مطابق مسلسل کئی گھنٹے جاری رہنے والی بارش سے ملتان، مظفرگڑھ، ڈی جی خان، لیہ، خانیوال، وہاڑی، بہاولنگر، رحیم یار خان، بہاولپور، ساہیوال اور دیگر اضلاع کو بجلی فراہم کرنے والے درجنوں فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر گُل محمد زاہد کی ہدایت پر تمام آپریشنل ٹیموں کو فوری طور پر الرٹ کیا گیا۔

(جاری ہے)

جنرل منیجر آپریشن انجینئر محمد اکرم سیال اور چیف انجینئر او اینڈ ایم ڈسٹری بیوشن محمد شہزاد راعی کی نگرانی میں پاور کنٹرول سنٹر سے بجلی کی فراہمی کی مسلسل مانیٹرنگ کی جاتی رہی۔

سرکلز کے کنٹرول رومز میں افسران اور فیلڈ اسٹاف نے دن رات خدمات سرانجام دیتے ہوئے متاثرہ 225 سے زائد فیڈرز کی بجلی گزشتہ شام تک مکمل بحال کردی ہے۔دریں، اثناء میپکو انتظامیہ نے موسمِ برسات میں صارفین کے لیے احتیاطی ہدایات جاری کی ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران بجلی کی تاروں، کھمبوں اور ٹرانسفارمرز سے دور رہیں، گیلے ہاتھوں یا کپڑوں کے ساتھ برقی آلات نہ چھوئیں اور تین پن والے پلگ استعمال کریں۔

جانوروں کو بجلی کے کھمبوں کے قریب نہ باندھیں اور کپڑے خشک کرنے کے لیے دھاتی تار کی بجائے پلاسٹک کی رسی استعمال کریں۔مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی، حادثے یا شارٹ سرکٹ کی صورت میں صارفین فوری طور پر متعلقہ سب ڈویژن، ڈویژن یا کسٹمر فیسیلی ٹیشن /کمپلینٹ سنٹر سے رابطہ کریں۔