وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کا ٹرینوں کی مسلسل تاخیر پر اظہار ِبرہمی ، تمام ڈویژنز اور ہیڈکوارٹرز کو ٹرینوں کے اوقات کار 10 دن میں معمول پر لانے کی ہدایت

پیر 6 اکتوبر 2025 17:47

وفاقی وزیر ریلوے  حنیف عباسی کا  ٹرینوں کی مسلسل تاخیر پر اظہار  ِبرہمی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت ریلوے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹرینوں کی مسلسل تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔ وزیر ریلوے نے تمام متعلقہ حکام کو واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تاخیری نظام کی وجوہات فوری طور پر دور کی جائیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ روز متعدد ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں جس کی بڑی وجوہات پاور پلانٹس کے تاخیر سے پہنچنے اور تکنیکی خرابیوں کو قرار دیا گیا۔

وزیر ریلوے نے تمام ڈویژنز اور ہیڈکوارٹرز کو 10 روز کا الٹی میٹم دیتے ہوئے ٹرینوں کے اوقات کار کو معمول پر لانے کی سخت ہدایت دی۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے کے نظام میں جدیدیت، ڈیجیٹل تبدیلی اور پنکچوئیلٹی کو بیک وقت یقینی بنانا ان کی اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ جب تک مسافر وقت پر اپنی منزل تک نہیں پہنچتے، ریلوے کو مکمل طور پر بحال نہیں کہا جا سکتا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسافروں کو صاف ستھرے سٹیشنز، آرام دہ سفر اور بہتر سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے کی اپ گریڈیشن اور ڈیجیٹل تبدیلی کے ساتھ ساتھ بروقت روانگی کو یقینی بنانا ہمارا بنیادی ہدف ہے۔ وزیر ریلوے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنکچوئیلٹی، سہولت اور شفافیت ریلوے کی نئی سمت کا تعین کریں گی تاکہ قومی ادارہ عوام کے اعتماد پر پورا اتر سکے۔

متعلقہ عنوان :