وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر پی پی 168 کے متاثرین میں امدادی چیکس تقسیم

صدر مسلم لیگ ن لاہور و ایم این اے ملک سیف الملوک کھوکھر نے چیک تقسیم کئے

پیر 6 اکتوبر 2025 17:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) صدر مسلم لیگ (ن) لاہور و رکنِ قومی اسمبلی ملک سیف الملوک کھوکھر کی زیر صدارت کھوکھر پیلس، جوہر ٹاؤن لاہور میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی ،جس میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر بارشوں سے متاثرہ گھروں کی تعمیر کے لیے امدادی چیکس تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر ملک سیف الملوک کھوکھر نے پی پی-168 کے متاثرہ خاندانوں میں امدادی چیکس تقسیم کیے اور کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر متاثرہ شہریوں کی بحالی کے لیے حکومتِ پنجاب تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیشہ عوام کے دکھ سکھ میں شریک رہی ہے اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی قیادت میں بحالی کے تمام اقدامات شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر مکمل کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ پارٹی قیادت عوامی خدمت کے مشن پر عمل پیرا ہے اور بارشوں سے متاثرہ ہر خاندان کی بحالی تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ متاثرین نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 50 لاکھ روپے اور گھروں کی تعمیر کے لیے علیحدہ امدادی چیکس ملنے پر وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، صدر مسلم لیگ (ن) لاہور ملک سیف الملوک کھوکھر اور صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر کا دلی شکریہ ادا کیا۔

تقریب میں کوآرڈینیٹر مطیع الرحمن کھوکھر، سیف علی کمبوہ، رفاقت ریاض، فیصل بھٹی اور سیدہ یاسمین حیدر سمیت متعدد معزز شخصیات، پارٹی کارکنان اور متاثرہ خاندانوں نے شرکت کی۔