جیکب آباد میں پولیس کی زیادتیوں کے خلاف صرافہ یونین کا احتجاجی دھرنا

پیر 6 اکتوبر 2025 18:55

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2025ء) جیکب آباد میں پولیس کی زیادتیوں کے خلاف صرافہ یونین کا احتجاجی دھرنا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں صراف ہریش کمار پر مقدمہ درج ہونے اور کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث ملزم محمد عمر میمن کی عدم گرفتاری کے خلاف صرافہ یونین کی جانب سے دوسرے روز بھی احتجاج جاری رہا، صرافہ یونین کی جانب سے صرافہ چوک پر احتجاجی دھرنا میں بڑی تعداد میں شہری، تاجر اور سماجی رہنما شریک ہوئے، احتجاجی دھرنے کی قیادت صرافہ یونین کے صدر حاجی سمیع اللہ سرہیو نے کی جبکہ ہندو جنرل پنچائت کے سابق صدر بابو مہیش کمار لاکھانی، مزدور شہری اتحاد کے صدر حاجی غلام نبی رند، نوجوان کٹبار اتحاد کے رہنما زین العابدین کٹبار سمیت مختلف تنظیموں کے رہنماؤں نے شرکت کی، اس موقع پر مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس نے بلاجواز ہریش کمار پر مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا لیکن سوا دو کروڑ روپیوں کا فراڈ کرنے والے محمد عمر میمن کو گرفتار نہیں کیا جارہا ہے، انہوں نے کہا کہ شہر میں بدامنی عروج پر پہنچ چکی ہے آئے روز دکانداروں کو لوٹا جارہا ہے پولیس امن و امان بحال کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، صراف ہریش کمار کو معمولی رقم کی لین دین کے معاملے پر گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ کروڑوں کا فراڈ کرنے والے ملزم کو ایک ماہ گزرنے کے باوجود پولیس گرفتار نہیں کرسکی ہے، دوسری جانب صرافہ بازار میں شٹر بند ہڑتال بھی کی گئی جس کے باعث کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر معطل رہیں۔