گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے جنرل منیجر پراجیکٹ، سوئی ناردرن گیس انجینئر سید ساجد حسین شاہ کی ملاقات

پیر 6 اکتوبر 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے جنرل منیجر پراجیکٹ، سوئی ناردرن گیس انجینئر سید ساجد حسین شاہ نے ملاقات کی، ملاقات میں گورنرخیبر پختونخوا کو ڈی آئی خان میں جاری گیس پائپ لائن منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ گورنر ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ کوٹ پلک سے سگو اور سگو تا سے ڈیرہ اسماعیل خان تک تقریباً 70 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ تیزی سے جاری ہے جسے دسمبر تک مکمل کرنے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے۔

اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور پریشر کے مسائل میں نمایاں بہتری آئے گی۔بریفنگ میں گورنر کو بتایا گیا کہ درازندہ سے لکی مروت تک 103 کلومیٹر لمبی نئی پائپ لائن کا منصوبہ بھی تیار ہے، جس پر موجودہ پراجیکٹ کی تکمیل کے فوراً بعد کام کا آغاز کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

گورنر خیبر پختونخوا نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کی رفتار مزید تیز کی جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی سہولت کے تمام منصوبے بروقت مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انجینئر سید ساجد حسین شاہ نے بتایا کہ درازندہ، کوٹ پلک اور سگو کے مقامات پر لیبر کیمپس قائم کر دیئے گئے ہیں تاکہ کام کی رفتار میں تسلسل برقرار رکھا جا سکے اور منصوبے کی تکمیل مقررہ مدت میں ممکن بنائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :