وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خطہ پوٹھوار کے لیے زرعی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت ضلع راولپنڈی میں منی ڈیمز کی الاٹمنٹ کے لیے قرعہ اندازی کی تقریب کا انعقاد

پیر 6 اکتوبر 2025 20:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے خطہ پوٹھوار کے لیے زرعی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت ضلع راولپنڈی میں منی ڈیمز کی الاٹمنٹ کے لیے قرعہ اندازی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں کاشتکاروں کو 70 فیصد سبسڈی پر منی ڈیمز فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایم پی اے و چیئرمین وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ اور ایم پی اے گوجر خان راجہ شوکت علی بھٹی تھے۔

قرعہ اندازی میں کل 42 درخواست دہندگان میں سے 25 خوش نصیب کاشتکاروں کے نام نکلے جن میں 12 راولپنڈی، 10 گوجر خان اور 3 کہوٹہ کے کاشتکار شامل ہیں۔ پلان کے تحت آئندہ تین برسوں میں خطہ پوٹھوار میں مجموعی طور پر 400 منی ڈیمز تعمیر کیے جائیں گے جن میں سے پہلے سال 100، دوسرے سال 150 اور تیسرے سال مزید 150 ڈیمز تعمیر کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ان ڈیمز سے پانی کے ذخیرے میں اضافہ، آبی وسائل کے تحفظ اور فصلات، باغات و سبزیات کی مؤثر آبپاشی ممکن ہو گی جس سے زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے صرف ڈیڑھ سال کے عرصے میں زراعت کے فروغ کے لیے تاریخی اقدامات کیے ہیں۔ خطہ پوٹھوار کے لیے زرعی ٹرانسفارمیشن پلان کا آغاز کاشتکاروں کے لیے ایک انمول تحفہ ہے جس کے تحت جدید زرعی تحقیق، ہائی ویلیو کراپس کی کاشت، اصلاح آبپاشی کے منصوبے اور باغبانی کے فروغ کے لیے اعلیٰ معیار کے پودے فراہم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے کسان کارڈ کے ذریعے بلا سود قرضہ جات اور سبسڈی پر گرین ٹریکٹرز کی فراہمی جیسے اقدامات سے کاشتکاروں کو حقیقی سہولتیں فراہم کی ہیں۔ اس موقع پر ایم پی اے راجہ شوکت علی بھٹی نے کہا کہ بارانی علاقوں میں آبپاشی ہمیشہ سے ایک بڑا چیلنج رہا ہے، زمین کی ناہمواری اور پانی کی گہرائی کے باعث فصلوں کی کاشت مشکل ہوتی ہے۔ منی ڈیمز اسکیم ان مسائل کے حل کی سمت ایک عملی قدم ہے جو بنجر زمینوں کو آباد کرنے اور جدید زرعی نظام کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو گی۔