سندھ حکومت نے غریب اور مستحق فنکاروں، ادیبوں، شاعروں کی مالی مدد کیلئے قائم مینجمنٹ بورڈ تبدیل کردیا

وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین ،سیکرٹری کلچر وائس چیئرمین جبکہ ڈی جی کلچر بورڈ کے سیکرٹری و ممبرز ہونگے،ممبران میں صدر آرٹس کونسل کراچی ، صدر سکھر آرٹس کونسل، جی ایم پی ٹی وی، سیکرٹری جنرل سندھی ادبی بورڈ شامل سندھ حکومت غریب و مستحق اداکاروں، گلوکاروں،شاعروں اورادیبوں کی مدد کے نظام کو مزیدموثر اور بہتر بنارہی ہے، سید ذوالفقار علی شاہ

منگل 7 اکتوبر 2025 15:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) سندھ حکومت نے غریب اور مستحق فنکاروں، ادیبوں، شاعروں کی مالی مدد کیلئے قائم مینجمنٹ بورڈ میں تبدیلی کرتے ہوئے محکمہ ثقافت و سیاحت سندھ کے ماتحت انڈومنٹ، وظیفوں کیلئے قائم مینجمنٹ بورڈ کا سال2018 کا نوٹیفکیشن بھی ختم کردیا گیاہے۔ترجمان محکمہ ثقافت و سیاحت سندھ کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی منظوری سے چیف سیکرٹری سندھ نے نئے ممبران کا نوٹیفکیشن جاری کردیاہے ،وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ مینجمنٹ بورڈ کے چیئرمین ہونگے،سیکرٹری کلچر وائس چیئرمین جبکہ ڈی جی کلچر بورڈ کے سیکرٹری و ممبرز ہونگے،ممبران میں صدر آرٹس کونسل کراچی ، صدر سکھر آرٹس کونسل، جی ایم پی ٹی وی، سیکرٹری جنرل سندھی ادبی بورڈ شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق گلوکار ممبران میں معروف گلوکارہ صنم ماروی، رجب فقیر،اداکاروں میں معروف اداکار جاوید شیخ، ایوب کھوسو، احسن خان، منیب بٹ شامل ہیں،رائٹرز ممبران میں معروف رائٹر نورالہدی شاہ، مہتاب اکبر راشدی،یوسف بشیر قریشی اور عرفان سموں بورڈ ممبران میں شامل ہونگے۔ترجمان محکمہ ثقافت و سیاحت سندھ کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے قائم کردہ بورڈ غریب اور مستحق فنکاروں ادیبوں شاعروں اداکاروں کی مالی مدد کیلئے کام کرے گا،بورڈ سربراہ اور ممبران کے مشترکہ فیصلوں سے مالی امداد ضرورت مندوں کیلئے جاری کی جائے گی۔

صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے مینجمنٹ بورڈ میں شامل تمام ممبران کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ سندھ حکومت غریب و مستحق اداکاروں، گلوکاروں،شاعروں اورادیبوں کی مدد کے نظام کو مزیدموثر اور بہتر بنارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ مینجمنٹ بورڈ کے ممبران اپنے شعبوں میں ماہر ہیں انہیں دیگر ساتھیوں کی حالت کا بخوبی اندازہ ہوگا۔صوبائی وزیرنے کہاکہ محکمہ ثقافت و سیاحت سندھ ہمیشہ سندھ کے آرٹسٹوں شاعروں ادیبوں کیساتھ بھرپور تعاون کرتا رہا ہے