محمد سلیم زخمی، بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر، بلال سمیع سکواڈ میں شامل

منگل 7 اکتوبر 2025 14:59

ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے دائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر محمد سلیم گروئن (کمر کی )انجری کے باعث بنگلہ دیش کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق یہ سیریز کل 8 اکتوبر سے ابوظہبی میں شروع ہو گی ۔افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی ) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق محمد سلیم کو اب ہائی پرفارمنس سینٹر میں بحالی صحت کے عمل سے گزارا جائے گا۔

ان کی جگہ دائیں ہاتھ کے میڈیم پیسر بلال سمیع کو افغانستان کے ون ڈے سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔23 سالہ محمد سلیم کو ایک ٹیسٹ ،ایک ٹی ٹونٹی اور 2 ون ڈے میچز میں افغانستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔ محمد سلیم نے دونوں ون ڈے میچز جولائی 2023 میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے فروری 2024 میں سری لنکا کے خلاف کولمبو میں اپنا واحد ٹیسٹ میچ بھی کھیلا۔

21 سالہ بلال سمیع نے افغانستان کی جانب سے دسمبر 2024 میں زمبابوے کے خلاف اپنا واحد ون ڈے میچ کھیلا تھا۔ وہ 2022 انڈر 19 ورلڈ کپ میں افغانستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، جہاں انہوں نے 5 میچز میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔ بلال سمیع نے حالیہ غازی امان اللہ خان ریجنل ون ڈے ٹورنامنٹ میں سپین غر ریجن کی نمائندگی کی، جہاں وہ اپنی ٹیم کے دوسرے کامیاب ترین باؤلر رہے۔ انہوں نے ٹورنامنٹ میں 10 وکٹیں حاصل کیں ۔واضح رہے کہ افغانستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل (بدھ کو ) ابوظہبی میں کھیلاجائے گا۔