500 ملین ڈالرز کی آمدنی کون چھوڑے، پاک بھارت میچز ہماری مجبوری ہیں : بھارتی کرکٹ بورڈ

اس طرح کے مشورے دینا تو آسان ہے لیکن فیصلے لینا اتنا آسان نہیں کیونکہ اس میں کئی سپانسرز شامل ہوتے ہیں : بی سی سی آئی عہدیدار

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 8 اکتوبر 2025 11:42

500 ملین ڈالرز کی آمدنی کون چھوڑے، پاک بھارت میچز ہماری مجبوری ہیں : بھارتی ..
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 اکتوبر 2025ء ) بھارتی کرکٹ بورڈ( بی سی سی آئی) کا انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل ایتھرٹن کی جانب سے آئی سی سی کو آئندہ عالمی مقابلوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز نہ کرانے کی تجویز پر ردعمل سامنے آگیا۔ 
گزشتہ دنوں سابق انگلش کپتان مائیکل ایتھرٹن نے کہا تھا کہ انہوں نے یہ تجویز ایشیا کپ کے دوران پیدا ہونے والی صورتحال کو دیکھ کردی ہے کہ آئی سی سی کو ایونٹس کے دوران پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلوں کا انتظام نہیں کرنا چاہیے۔

 
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی ایونٹس میں پاک بھارت مقابلے شیڈول کرنے کی وجہ معاشی اور سفارتی ہوسکتی ہے مگر وقت آ گیا ہے کہ اب دونوں ممالک کے تعلقات میں کمی آنے کی وجہ سے یہ تاثر ختم ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

 

سابق انگلش کپتان کی تجویز پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کا بیان سامنے آیا ہے۔ بی سی سی آئی کے ایک عہدیدار نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مشورے دینا تو آسان ہے، لیکن فیصلے لینا اتنا آسان نہیں کیونکہ اس میں کئی سپانسرز شامل ہوتے ہیں اور حتمی فیصلہ صرف اسی وقت لیا جا سکتا ہے جب اسپانسرز اور براڈکاسٹرز منظوری دیں۔

 
بی سی سی آئی عہدیدار نے کہا کہ یہ سب باتیں کرنا آسان ہے، لیکن کیا اسپانسرز اور براڈکاسٹرز اس سے اتفاق کریں گے؟ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں صرف بھارت ہی نہیں ، اگر کوئی بڑی ٹیم کسی ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوتی ہے تو سپانسرز کو اپنی طرف کھینچنا بہت مشکل ہو جائے گا۔