سالانہ واپڈا انٹر یونٹ بیڈمنٹن مقابلے، نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان کی پہلی پوزیشن

منگل 7 اکتوبر 2025 22:40

سالانہ واپڈا انٹر یونٹ بیڈمنٹن مقابلے، نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) نے 50ویں سالانہ واپڈا انٹر یونٹ بیڈمنٹن مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق ٹورنامنٹ واپڈا سپورٹس کمپلیکس لاہور میں 30 ستمبر سے 5 اکتوبر 2025ء تک کھیلا گیا جس میں سات ٹیموں این جی سی، لیسکو، گیپکو، فیسکو، میپکو، آئیسکو اور کیسکو نے حصہ لیا۔

ٹورنامنٹ میں این جی سی نے 170 پوائنٹس کے ساتھ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا جبکہ گیپکو نے 104 پوائنٹس کے ساتھ دوسری اور فیسکو نے 58 پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ این جی سی کے کھلاڑی محمد علی لاروش اور ماحور شہزاد نے بالترتیب مینز او ر ویمنز کے سنگلزمقابلے جیتے جبکہ محمد علی لاروش نے اویس زاہد کے ساتھ مل کر مینز ڈبلز مقابلہ بھی اپنے نام کیا۔

(جاری ہے)

آفیسرز کیٹیگری میں عثمان طالب نے سنگلز میں دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ منیب الدین کے ساتھ جوڑی بنا کر آفیسرز ڈبلز کا فائنل جیتا۔ محمد عدنان نے مینز کے سنگلز فائنل میں دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ ماحور شہزاد اور فرزانہ علی کی جوڑی نے ویمنز ڈبلز میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ٹورنامنٹ کے آخری روز انعامات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔

مہمان خصوصی نیشنل گرڈ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر انجینئر محمد شاہد نذیر نے مقابلوں میں شریک کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور جیتنے والے کھلاڑیوں اور تمام ٹیموں کے منیجرز کو ٹرافیاں اور شیلڈز تقسیم کیں۔ انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے اور ادارے کا نام روشن کرنے پر این جی سی ٹیم کو خصوصی طور پر سراہا۔ تقریب میں ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر اور صدر این جی سی سپورٹس ایسوسی ایشن انجینئر ڈاکٹر خواجہ رفعت حسن ،جنرل منیجر (میڈیا اینڈ پی آر) محمد ابراہیم، چیف انجینئر (پی ڈی) اور نائب صدر این جی سی سپورٹس انجینئر اصغر مجتبیٰ نیازی، ڈائریکٹر جنرل (ایچ آر او) طاہر محمود، ڈائریکٹر جنرل واپڈا سپورٹس بورڈ فاروق احمد، فنانس سیکرٹری واپڈا سپورٹس بورڈ حماد رسول اور دیگر سینئر افسران شامل تھے۔