نور زمان کا بڑا اپ سیٹ، اوپن سکواش کلاسک 2025 کے فائنل میں پہنچ گئے

منگل 7 اکتوبر 2025 16:56

نور زمان کا بڑا اپ سیٹ، اوپن سکواش کلاسک 2025 کے فائنل میں پہنچ گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) پاکستان کے ابھرتے ہوئے سکواش سٹار نور زمان نے امریکہ میں جاری اوپن سکواش کلاسک 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی نمبر 20 اور ایونٹ کے ففتھ سیڈڈ گریگوار مارشے کو اپ سیٹ شکست دے کر ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔74,000 ڈالر انعامی رقم پر مشتمل پی ایس اے برانز لیول ایونٹ کے سیمی فائنل میں پاکستان کے سکواش سٹار نور زمان نے انتہائی سنسنی خیز اور سخت مقابلے کے بعد فرانسیسی حریف کو 2-3 سے شکست دی۔

یہ مقابلہ 75 منٹ تک جاری رہا، نورزمان کی فتح کا سکور 5-11، 11-5، 6-11، 11-9 اور 10-12 رہا۔نور زمان نے پہلا گیم جارحانہ انداز میں جیت کر آغاز کیا، لیکن مارشے نے واپسی کرتے ہوئے مقابلہ برابر کر دیا۔

(جاری ہے)

میچ کا فیصلہ پانچویں اور آخری رائونڈمیں ہوا جہاں نور زمان نے میچ پوائنٹس بچاتے ہوئے10-12 سے فتح حاصل کی۔یہ فتح نور زمان کے کیریئر کی سب سے بڑی کامیابیوں میں شمار کی جا رہی ہے۔

وہ پاکستان کے لیجنڈری سکواش کھلاڑی قمر زمان کے پوتے ہیں۔اب نور زمان فائنل میں ایونٹ کے فورتھ سیڈڈ میکسیکو کے لیونیل کارڈیناس کے خلاف ایکشن میں ہوں گے ، جو اس وقت عالمی رینکنگ میں نمبر 15 پر موجود ہیں۔نور زمان کی اس کامیابی نے نہ صرف ان کے کیریئر کو نئی جہت دی ہے بلکہ پاکستان کے لیے بھی عالمی سکواش میں واپسی کی امیدیں روشن کر دی ہیں۔