سیلانی اور پاور چائنا کمپنی کے تحت 350 مستحق خاندانوں میں راشن بیگزکی تقسیم

منگل 7 اکتوبر 2025 16:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی پاور چائنا کے خدمتی شعبہ سی ایس آر کے تعاون سے سیلانی ویلفیئر کے رضاکاروں نے 350 مستحق خاندانوں میں راشن بیگز تقسیم کیے۔تفصیلات کے مطابق ۔وی کیئر کے عنوان سے شروع کی جانے والی اس مہم کے تحت راشن کی تقسیم سیلانی دسترخوان، ملیر ہالٹ برج کے قریب انجام دی گئی۔

راشن کی اس تقسیم میں سیلانی کو پورٹ قاسم الیکٹرک پاور کمپنی (پاور چائنا)کے شعبہ ایس آر کا تعاون حاصل تھا۔ پاور چائنا کے مطابق یہ امداد پاکستان کے مالیاتی قوانین کے مطابق خیراتی عطیات میںسے دی گئی جس کے لیے کمپنی میں منظوری کے تمام مراحل مکمل کیے گئے۔یہ عطیہ کمپنی کے 2025 کے کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی (CSR) بجٹ سے فراہم کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

کمپنی کے نمائندے کے مطابق گزشتہ سات سال سے زیادہ عرصے سے پاکستان میں متعدد رفاہی سرگرمیاں انجام دی جارہی ہیں۔مستفید ہونے والوں میں بے روزگار افراد، بیوہ خواتین اور انتہائی کم آمدنی والے گھرانے شامل تھے۔پہلے مرحلے میں سیلانی کے رضاکاروں نے جانچ پڑتال کا عمل مکمل کیا، جس کے بعد اہل خاندانوں کو راشن بیگز کی وصولی کے لیے خصوصی کارڈز جاری کیے گئے۔اس موقع پر چینی کمپنی کے نمائندے، سیلانی ویلفیئر کے عہدیداران اور بڑی تعداد میں رضاکار بھی موجود جو راشن کے بھاری بیگز کی نقل و حمل میں تعاون فراہم کررہے تھے۔