حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں صحت عامہ کے پروگرام جاری ہیں ،ڈاکٹر اسلم چوہدری

منگل 7 اکتوبر 2025 16:03

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) صحت مند معاشرہ ہی ترقی یافتہ قوم کی بنیاد ہوتا ہے۔ عوامی فلاح و بہبود کے لیے ضروری ہے کہ ہر فرد اپنی اور اپنے گھرانے کی صحت کے بارے میں ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ حکومتِ پنجاب کی ہدایت پر ضلع بھر میں صحت عامہ کے پروگرام جاری ہیں جن کا مقصد بیماریوں سے بچاؤ، ماں اور بچے کی صحت کے تحفظ، صاف پانی کی فراہمی، حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل درآمد اور صحت سے متعلق آگاہی عام کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار سی ای او ہیلتھ سیالکوٹ ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے رورل ہیلتھ سنٹر کالیاں میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں دیہی و شہری علاقوں میں گھروں، سکولوں اور مراکزِ صحت میں آگاہی مہمات چلا رہی ہیں تاکہ عوام میں بیماریوں سے بچاؤ کے حوالے سے شعور پیدا کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اور اگر ہم روزمرہ زندگی میں صفائی کے اصولوں پر عمل کریں تو بیشتر امراض خودبخود ختم ہو جائیں گے۔ خاص طور پر ڈینگی، ہیضہ، نزلہ، زکام اور ملیریا جیسی موسمی بیماریوں سے بچاؤ صرف احتیاط سے ہی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے بنیادی مراکزِ صحت (بی ایچ یو) اور رورل ہیلتھ سینٹرز (آرایچ سی ) میں سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے خصوصی فنڈز جاری کیے ہیں تاکہ دیہی آبادی کو اپنے علاقوں میں ہی معیاری علاج معالجہ دستیاب ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ میڈیکل افسران، پیرامیڈیکل سٹاف اور فیلڈ ورکرز عوام کی خدمت کو اپنا فرض سمجھیں اور ہر مریض سے خوش اخلاقی کے ساتھ پیش آئیں۔ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے کہا کہ صحت کے نظام میں بہتری صرف حکومت کے بس کی بات نہیں بلکہ عوام کے تعاون سے ہی ممکن ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ غیر ضروری دواؤں کے استعمال سے گریز کریں، متوازن غذا اختیار کریں، روزانہ ہلکی ورزش کو معمول بنائیں اور وقتاً فوقتاً میڈیکل چیک اپ ضرور کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ صاف پانی، صاف ماحول اور صاف طرزِ زندگی ہی صحت مند پاکستان کی ضمانت ہیں۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم، لوکل گورنمنٹ اور سول سوسائٹی کو بھی صحت عامہ کے فروغ میں کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ ہر شہری صحت مند، محفوظ اور خوشحال زندگی گزار سکے۔ ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ صحت کسی فرد کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اگر ہم سب متحد ہو کر کام کریں تو صحت مند، خوشحال اور مضبوط پاکستان کا خواب حقیقت میں بدل سکتا ہے۔