پنجاب بھر کے کسانوں کیلئے گندم کا بیج وافر مقدار میں موجود ،دہلیز پر مہیا کیا جائیگا‘ عاشق حسین کرمانی

منگل 7 اکتوبر 2025 23:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) پنجاب سیڈ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 124 واں اجلاس زراعت ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت صوبائی وزیر زراعت و چیئرمین پنجاب سیڈ کارپوریشن بورڈ سید عاشق حسین کرمانی نے کی۔ اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری اسامہ لغاری، سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو، مینیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن شبیر احمد خان، سیف طارق، شاہنواز وڑائچ، ملک مشتاق احمد و دیگر ممبران نے شرکت کی۔

چیئرمین سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ پنجاب بھر کے کسانوں کے لئے گندم کا بیج وافر مقدار میں موجود ہے جو کہ کسانوں کو ان کی دہلیز پر مہیا کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب بھر کے کسانوں کے لئے تصدیق شدہ بیج 50کلو گرام کا تھیلا5500روپے میں دستیاب ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن گندم کے ساتھ ساتھ دیگر فصلوں کے بیجوں کی دستیابی کو بھی یقینی بنائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب بھر میں خصوصی طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گندم کی کاشت کو یقینی بنایا جائے تاکہ پنجاب کے پیداواری اہداف کو مکمل طور پر حاصل جا سکے۔ چیئرمین پنجاب سیڈ کارپوریشن سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن پبلک سیکٹر کا واحد ادارہ ہے جو کسانوں کو اعلی معیار کا تصدیق شدہ بیج ارزاں نرخوں پر فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کی بہتری اور اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اپنی انتھک کاوشیں جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :