یونیورسٹی آف سوات میں بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی یکجہتی کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

منگل 7 اکتوبر 2025 20:08

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کیپٹن (ر)کامران احمد آفریدی کی ہدایت پر اور خیبر پختونخوا سنٹر آف ایکسیلنس آن کانٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریم ازم کے تعاون سے یونیورسٹی آف سوات میں بین المذاہب ہم آہنگی اور سماجی یکجہتی کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار کا مقصد روایتی اسلامی تعلیمات کے فروغ اور قیامِ امن کے لیے مکالمے کو فروغ دینا تھا۔

ڈاکٹر محمد مشتاق احمد، ایسوسی ایٹ پروفیسر شعبہ اسلامیات نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام امن، انصاف اور صبر کے احترام کی جامع تعلیم دیتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر لطف اللہ، چیئرمین شعبہ قانون و شریعت، نے کہا کہ اسلامی اصولِ مشاورت، عدل و انصاف اور رواداری تنازعات کے خاتمے اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شیراز علی، سربراہ شعبہ سماجی و صنفی علوم، نے خواتین کے کردار کو اجاگر کیا اور کہا کہ خواتین امن اور سماجی ہم آہنگی کے قیام میں مثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔

ڈاکٹر جاوید خان، اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اسلامیات، نے اسلام کے سماجی انصاف اور فلاحی پہلوں پر روشنی ڈالی۔سیمینار میں پروفیسر ڈاکٹر جاوید نواب، ڈاکٹر اورنگزیب، ڈاکٹر اسگر اور ڈاکٹر رفیع الدین نے بھی شرکت کی۔ منتظمِ سیمینار ڈاکٹر ضیا الدین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کے متنوع معاشروں میں برداشت، بقائے باہمی اور باہمی احترام ہی پائیدار امن کے قیام کی بنیاد ہیں۔اختتام پر شرکا اور معزز وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے طلبہ کو بین المذاہب مفاہمت اور علمی مکالمے کے فروغ کے لیے ایسے بامعنی مواقع فراہم کیے۔

متعلقہ عنوان :