جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا چارٹر آف ڈیمانڈ وزارتِ داخلہ کے حوالے

حکومت کی یقین دہانی، ملک بھر کے پریس کلبز کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی

منگل 7 اکتوبر 2025 19:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) نیشنل پریس کلب پر حملے کے خلاف قائم جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اپنا چارٹر آف ڈیمانڈ وزارتِ داخلہ کے حوالے کر دیا۔وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ چارٹر آف ڈیمانڈ کی روشنی میں ملک بھر کے پریس کلبز کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق نیشنل پریس کلب کے صدر اور چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی اظہر جتوئی کی سربراہی میں ملاقات کے دوران سیکرٹری نیر علی نے وزیرِ مملکت داخلہ طلال چوہدری کو چارٹر آف ڈیمانڈ کے نکات سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم، وفاقی وزیر داخلہ اور وفاقی وزیر اطلاعات نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تحقیقات کے احکامات دیے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مستقبل میں پولیس کسی بھی پریس کلب میں داخل ہونے سے قبل باضابطہ اجازت حاصل کرے گی۔جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اجلاس میں مختلف صحافتی رہنماں نے چارٹر آف ڈیمانڈ کے نکات کی منظوری دی، جن میں حملے کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی، انکوائری کمیٹی کی تشکیل، پریس کلبز کے تقدس کے تحفظ کے لیے وفاقی سطح پر کمیٹی قائم کرنے اور پروٹیکشن آف جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز ایکٹ کو فعال بنانے کے مطالبات شامل ہیں۔