بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور مزدور طبقے کی بہتری حکومت کی ترجیحات میںشامل ہے،مشیروزیراعلیٰ بلوچستان

منگل 7 اکتوبر 2025 19:55

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے محکمہ لیبر اینڈ مین پاور سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور مزدور طبقے کی بہتری حکومت کی ترجیحات میںشامل ہے۔ ہم سب کو مل کر صوبے میں شفافیت، ترقی اور سماجی انصاف کے فروغ کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظلوم عوامی تحریک پاکستان کے مرکزی چیئرمین حاجی صادق ادوزئی خان سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال، عوامی بہبود کے منصوبوں اور مزدور طبقے کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے کہا کہ حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور محنت کش طبقے کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شفاف پالیسیوں، ادارہ جاتی اصلاحات اور مشترکہ کاوشوں سے ہی بلوچستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام سیاسی و سماجی طبقات کا تعاون ناگزیر ہے۔ ہم سب کا مقصد ایک ہی ہونا چاہیے ظ ایک ایسا بلوچستان جہاں انصاف، ترقی اور امن کی فضا قائم ہو۔