صوبائی وزیرِ صحت بخت کاکڑ اور رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک کا ایگریکلچر ریسرچ کالونی سریاب میں رورل ہیلتھ سینٹر ولیج ایڈ کا افتتاح

منگل 7 اکتوبر 2025 23:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیرِ صحت بخت کاکڑ اور رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے ایگریکلچر ریسرچ کالونی سریاب میں رورل ہیلتھ سینٹر ولیج ایڈ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر علاقے کے عمائدین، محکمہ صحت کے افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیرِ صحت بخت کاکڑ اور حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ رورل ہیلتھ سینٹر کے قیام سے علاقے کے عوام کو صحت کی بہتر اور معیاری سہولیات ان کی دہلیز پر میسر آئیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت اور صحت کے شعبے میں اصلاحات حکومتِ بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ شیخ زاہد اسپتال میں ٹراما سینٹر کا قیام بھی علاقے کے عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں صوبائی حکومت صحت، تعلیم اور ترقی کے ہر میدان میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات میسر آئیں اور بلوچستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو۔علاقے کے عوام نے رورل ہیلتھ سینٹر کے قیام پر صوبائی وزیرِ صحت بخت کاکڑ، حاجی علی مدد جتک اور حکومتِ بلوچستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے انہیں بنیادی صحت کی سہولتیں ان کے علاقے میں ہی دستیاب ہوں گی۔