سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بروقت مدد اور خدمت میں انتظامیہ کا کردار قابل ستائش رہا،اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال

بدھ 8 اکتوبر 2025 11:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال غلام فاطمہ بندیال نے کہا ہے کہ ضلع بھر کی طرح تحصیل سمبڑیال کے دیہی علاقوں میں بارشوں اور سیلاب سے شدید نقصانات ہوئے ہیں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بروقت ہر ممکن مدد اور خدمت میں انتظامیہ کے ساتھ ساتھ غیر سرکاری رفاہی تنظیموں کا کردار بھی قابل ستائش رہا ہے جنہوں نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو ضروریات زندگی کی اشیاء فراہم کیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلین گرین پاکستان کے قومی چیپمیئن و معروف سماجی رہنما محمد اشفاق نذر،میاں سرفراز نواز،چوہدری آفاق،غلام حسین سلطانی،چوہدری موسیٰ اشفاق ودیگر سے گفتگو کے دوران کیا۔اسسٹنٹ کمشنر غلام فاطمہ بندیال نے کہا کہ فلاحی تنظیموں نے مشکل حالات میں عوامی خدمت اور انسانی ہمدردی کی بہترین مثال قائم کی، ریلیف سرگرمیوں میں ان کا جذبہ قابل ستائش رہا ہے۔

(جاری ہے)

سماجی رہنما محمد اشفاق نے کہا کہ تحصیل سمبڑیال میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بسنے والے خاندانوں کو ریلیف دینے اور ان کی ہر ممکن بروقت امدادی کارروائیوں میں اسسٹنٹ کمشنر نے دن رات محنت،لگن اور ایمانداری کے ساتھ جو اقدامات کئے وہ قابل ستائش ہیں جس پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سماجی رہنماؤں نے اسسٹنٹ کمشنر غلام فاطمہ کو سیلاب میں بہترین کارگردگی پر تعریفی شیلڈ پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔