ویتنام میں سمندری طوفان ماٹموسے تباہی ، 8 افراد ہلاک، ہزاروں مکانات اور فصلیں متاثر

بدھ 8 اکتوبر 2025 11:10

ہنوئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) ویتنام میں طاقتور سمندری طوفان "ماٹمو" کے زیر اثر شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث کم از کم 8 افراد ہلاک اور 5 زخمی ہو گئے ہیں۔ شنہوا کے مطابق ویتنام کی ڈیزاسٹر اینڈ ڈائک مینجمنٹ اتھارٹی نے بتایا کہ طوفان سے متاثرہ علاقوں میں 15,700 سے زائد مکانات زیرِ آب آ گئے جبکہ 400 سے زائد مکانات کو شدید نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں، 14,600 ہیکٹر سے زائد رقبے پر کھڑی دھان اور دیگر فصلیں تباہ ہو گئیں۔قدرتی آفات سے نمٹنے والے ادارے نے یہ بھی بتایا کہ 97,000 سے زائد مویشی اور مرغیاں ہلاک ہو گئیں۔ شمالی پہاڑی اور شمالی وسطی صوبوں میں 600 سے زائد مقامات پر سیلاب، لینڈ سلائیڈز اور ٹریفک کی بندش کے واقعات رپورٹ ہوئے۔صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر، ویتنام کے وزیر اعظم فام منہ چِن نے ایمرجنسی الرٹ جاری کیا، جس میں فلیش فلڈز اور لینڈ سلائیڈزکے خطرات سے بچاؤ کے لیے اقدامات تیز کرنے اور متاثرہ علاقوں میں رہائشیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔