سپیکر قومی اسمبلی کا ضلع اورکزئی میں فتنہ الخوارج کے 19دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین، شہدا کو خراج عقیدت

بدھ 8 اکتوبر 2025 13:34

سپیکر قومی اسمبلی  کا  ضلع اورکزئی میں  فتنہ الخوارج کے  19دہشت گردوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ضلع اورکزئی میں فتنہ الخوارج کے 19 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئےآپریشن میں لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف اور میجر طیب راحت سمیت شہید ہونے والے11 افسران و جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ بدھ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف نے لیڈنگ فرام فرنٹ کی عظیم مثال قائم کی جو پاک فوج کی روایت ہے ۔

(جاری ہے)

پاک افواج اور سکیورٹی فورسز فتنہ الخوارج کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد عناصر کبھی اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔سپیکر سردار ایاز صادق نےشہدا کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے ۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں پیش کی ہیں۔پوری قوم پاک افواج کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔