پنجاب ایمرجنسی سروس ڈسٹرکٹ چنیوٹ کی جانب سے نیشنل ریزیلینس ڈے منایا گیا

بدھ 8 اکتوبر 2025 15:40

چنیوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارۂ امتیاز) کی ہدایت پر پنجاب ایمرجنسی سروس ڈسٹرکٹ چنیوٹ کی جانب سے نیشنل ریزیلینس ڈے (آفات سے بچاؤ کی آگاہی کا قومی دن) منایا گیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر طاہرہ خان کی سربراہی میں فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا، جو ریسکیو آفس سے شروع ہو کر فیصل آباد روڈ، جھمرہ روڈ سے ہوتا ہوا ختمِ نبوت چوک میں اختتام پذیر ہوا۔

تمام ایمرجنسی وہیکلز پر آفات سے بچاؤ اور عوامی آگاہی کے بینرز آویزاں کیے گئے تاکہ شہریوں میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے شعور کو اجاگر کیا جا سکے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر طاہرہ خان نے کہا کہ نیشنل ریزیلینس ڈے ہمیں یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ اگر ہم خطرات کی نشاندہی اور پیشگی تیاری کو یقینی بنائیں تو بڑے نقصانات سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات میں جان کی بازی لگانے والے ریسکیورز ہمارے حقیقی ہیرو ہیں۔ انہوں نے 8 اکتوبر 2005 کے زلزلہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے عوامی آگاہی اور بنیادی تربیت انتہائی ضروری ہے اور ہر گھر میں کم از کم ایک فرسٹ ایڈر ہونا چاہیے۔ مزید انکا کہنا تھا کہ ریسکیو 1122 کمیونٹی ونگ روزانہ کی بنیاد پر فرسٹ ایڈ، فائر سیفٹی اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی تربیت فراہم کر رہے ہیں تاکہ ہر شہری کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صنعت اور عام کمیونٹی کو جدید تربیتی کورسز کے ذریعے بااختیار بنا کر ہم ایک محفوظ اور مضبوط پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔\378