خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری سے چائنا-ایشیا-افریقہ ٹریڈ پروموشن آفس کی صدر ہائو کی ملاقات

بدھ 8 اکتوبر 2025 17:57

خاتون اول  آصفہ بھٹو زرداری سے چائنا-ایشیا-افریقہ ٹریڈ پروموشن آفس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری سے چائنا-ایشیا-افریقہ ٹریڈ پروموشن آفس کی صدر ہائو نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ملاقات کی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق آصفہ بھٹو زرداری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے زراعت پر مبنی معیشت ہونے کے ناطے چین کی جدید زرعی ٹیکنالوجیز اور مہارت سے بہت فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں آبپاشی کے موثر طریقے متعارف کرانے اور پانی کے ضیاع کو کم کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ خاتون اول نے قابل تجدید توانائی میں سرکردہ عالمی سرمایہ کاروں میں سے ایک کے طور پر چین کے کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی، سیاحت اور تعلیمی تبادلوں کو مزید فروغ دینے کی پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

چائنا-ایشیا-افریقہ ٹریڈ پروموشن آفس کی صدر ہائو نے خاتون اول کو بتایا کہ پاکستان اور چین اگلے سال سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منائیں گے جو طلبا اور ثقافتی تبادلوں کے ساتھ ساتھ کسانوں کی پیشہ ورانہ تربیت میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا ایک موقع ہے۔ انہوں نے خاتون اول کو ان شعبوں میں تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کے لیے چین کے دورے کی دعوت بھی دی۔ ملاقات میں سینیٹر شیری رحمان اور سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔\932